بین الاقوامی سپراسٹار فٹ بالرز کا پاکستان میں فٹ بال اکیڈمی بنانے کا اعلان

پاکستان کے دورے پر موجود انٹرنیشنل سپر سٹار فٹبالرز کا کہنا ہے کہ فٹ بال کے فروغ کے لیے پاکستان میں اکیڈمی بنانا باعث فخر ہوگا۔ غیر ملکی کھلاڑی کہتے ہیں پاکستانی عوام میں کرکٹ زیادہ مقبول سہی لیکن فٹ بال کے چاہنے والے بھی کم نہیں ہیں۔

لاہور کے مقامی فائیو اسٹار ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے برازیل کے ریکارڈو کاکا، پرتگال کے لوئس فیگو، سپین کے کارلیس پیوئل اور فرانس کے نکولس انیلکا نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان میں بھی فٹ بال کا کھیل ترقی کرے، پاکستان میں آ کر بہت خوشی ہوئی، ہماری کوشش یہ ہوگی کہ اپنے تجربے کو نوجوانوں میں منتقل کریں۔

ریکارڈو کاکا نے کہا کہ وہ ایک بار پہلے بھی پاکستان آچکے ہیں، پاکستان میں بہت لوگ فٹبال کو پسند کرتے ہیں، نمائشی میچ میں پاکستان کے ٹیلنٹ کو دیکھنے کا موقع ملے گا اور فٹبال کی پروموشن ہوگی۔ لوئس فیگو بولے کہ پاکستان کے دیسی کھانے بہت مزیدار ہیں، امید کرتے ہیں کہ مزید لوگ بھی یہاں آکر فٹبال کی پروموشن کیلئے کام کریں گے۔

کارلوس پیول نے کہا کہ میرے لیے پاکستان میں اکیڈمی بنانا باعث فخر ہوگا، اکیڈمی کے قیام سے فٹبال کا ٹیلنٹ تلاش کرنے میں آسانی ہوگی۔ جانتے ہیں پاکستان میں کرکٹ زیادہ مقبول کھیل ہے لیکن فٹبال کے چاہنے والے بھی کوئی کم نہیں ہیں۔ نیکولس انیلکا نے کہا کہ فٹبال کے فروغ کیلئے پاکستان آئے ہیں، پاکستان میں سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات بہترین ہیں۔

بعد ازاں انٹرنیشنل فٹبالرز پریس کانفرنس کے بعد اپنے پرستاروں کے ساتھ گھل مل گئے، شائقین نے بھی اس موقع کا خوب فائدہ اٹھایا اور فٹبالرز کے ساتھ خوب تصاویر اور سیلفیاں بنائیں۔

Comments are closed.