ای سی ایل سے نام نہ نکالے جانے پر نواز شریف کی آج بیرون ملک روانگی نہ ہو سکی

اسلام آباد/ لاہور: سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ای سی ایل سے نام نہ نکالے جانے کے باعث آج بھی علاج کے لئے بیرون ملک روانہ نہ ہو سکے، غیر ملکی پرواز کی ٹکٹس منسوخ کرا دی گئیں۔

میاں محمد نواز شریف نے علاج معالجے کے لئے آج صبح 9 بج کر پانچ منٹ پر دوحا کے ذریعے لندن روانہ ہونا تھا، صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف اور نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے بھی ان کے ساتھ جانا تھا، سول ایوی ایشن نے بھی ائر پورٹ پر تمام تر انتظامات کر رکھے تھے۔

 تاہم سابق وزیراعظم کا نام ای سی ایل سے نہ نکالے جانے کی وجہ سے ان کی روانگی نہ ہوسکی، اور بک کرائی گئی ٹکٹس منسوخ کرا دی گئی ہیں۔ میاں محمد نواز شریف کی روانگی کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی سمری وزارت قانون کو موصول ہو گئی ہے، جسے منظوری کے لئے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ہی نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے گا اور ان کی بیرون ملک روانگی ممکن ہو سکے گی۔

دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت کے متعلق قیاس آرائیاں نہ کی جائیں، ان کی صحت کے بارے میں کوئی بھی اطلاع پارٹی ترجمان اور ڈاکٹر عدنان جاری کریں گے۔

Comments are closed.