آصف زرداری، نواز شریف کیخلاف نئے نیب ریفرنس کی منظوری، زلفی بخاری کیخلاف انکوائری بند

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق صدر آصف زرداری، سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف سرکاری تحائف کی گاڑیوں سے متعلق نیا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔ معاون خصوصی زلفی بخاری کیخلاف نیب انکوائری عدم شواہد کی بنیاد پر بند کر دی گئی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے توشہ خانے سے تحائف کی گاڑیاں اونے پونے تقسیم کرنے کے الزام میں سابق صدر آصف زرداری،سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

یہ فیصلہ چیئرمین نیب کے زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔ نیب نے ریفرنس کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں 2 سابق وزرائے اعظم اور سابق صدر ملزم کو نامزد کر دیا گیا ہے۔ ملزمان نے توشہ خانہ سے تحائف کی گاڑیاں اونے پونے داموں تقسیم کیں۔

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے توشہ خانہ کی گاڑیوں کے بارے میں نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی سے پوچھ گچھ کی جا چکی ہے۔

دوسری جانب نیب ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور سمندر پار پاکستانیز و افرادی قوت زلفی بخاری کیخلاف آف شور کمپنی کی تحقیقات کی گئی تاہم ان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں مل سکے، عدم شواہد کی بنیاد پر زلفی بخاری کیخلاف انکوائری بند کر دی گئی ہے۔

Comments are closed.