پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آٹے کے بحران کو حکومت کی نااہلی قرار دے دیا

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک میں آٹے کے بحران کو حکومتی نااہلی قرار دے دیا ہے، (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کہتی ہیں ملک میں مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ 15 روپے کی روٹی اور 20 روپے کا نان ہو گیا ہے، پتہ نہیں عمران خان کون سے ملک کے غریبوں کو ریلیف دینے کی بات کرتے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان 16 ماہ پہلے اگر خودکشی کر لیتے تو کروڑوں عوام خود کشی کرنے سے بچ ‏جاتے، ان سولہ ماہ میں گیس 250 فیصد مہنگی، آٹا ختم، تندور بند ہونا افسوسناک اور شرمناک ‏ہے۔

مریم اورنگزیب نے سوال اٹھایا کہ نئے پاکستان میں آٹا ناپید ہے کیا عوام لنگر سے روٹی کھائے؟ عمران خان نے کاروبار اور روزگار چھیننے کے بعد غریبوں کا آٹا بھی بند کردیا، مہنگائی 14 فیصد جبکہ ترقی کی شرح آدھی رہ گئی ہے۔

ن لیگ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک اور عوام حکمرانوں کی نالائقی، نااہلی اور جھوٹ کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا، بنیادی ضرورت آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والے وزیراعظم پتہ نہیں آئے روز کون سے ملک کے غریبوں کو ‏ریلیف دینے کی ‏بات کرتے ہیں۔

Comments are closed.