عمران خان عذاب بن کرنازل ہوئے،مریم اورنگزیب۔۔مہنگائی کی وجہ لیگی قیادت ہے، فوادچوہدری

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے آٹے کے بحران پر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک عذاب بن کر قوم پر نازل ہوئے، انہوں نے عوام کو رلانے کا وعدہ پورا کردیا۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ یہ احساس کی ریاست نہیں، بے حسی کی حکومت ہے۔ ہر شعبے کے لوگ دہائی دے رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان ایک عذاب بن کر قوم پر نازل ہوئے۔ خوراک کی قیمتوں میں 82 فیصد اضافہ حکومت کی بے حسی کا ثبوت ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ جو حکومت سستا ٹماٹر، پیاز اور سبزی نہیں دے سکتی، وہ عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر کیسے دے سکتی ہے؟ عمران خان نے عوام کو رلانے کا وعدہ پورا کر دیا۔

مہنگائی کی ذمہ دار مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے مہنگائی کا ذمہ دار مسلم لیگ(ن) قیادت کو ٹھہرایا ہے، مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل میں وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشی عدم استحکام سے نکلنا اہم ہے، آپ یہ سبق نہ پڑھائیں، مڈل کلاس کے غم میں آپ جتنے بے حال ہیں عوام کو پتا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی قیادت لندن سے واپس تشریف لائے، سابق حکمرانوں نے ڈالر باہر منتقل کئے اور ملک کو قرضوں میں ڈبو دیاجس کا نتیجہ یہ ہے کہ عوام آج مہنگائی کے عذاب میں مبتلا ہیں۔

Comments are closed.