اصلاحات کے نام پرحماقتوں کا بازارگرم ہے، موقع پرستوں کے وارے نیارےہوگئے، شہباز شریف

لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں اصلاحات کے نام پر حماقتوں کا بازار گرم ہے۔مختلف بحرانوں سے اگر عمران خان لاعلم ہیں تو وہ نالائق ہیں اور اگر ان کی مرضی سے ہورہا ہے تو پھر وہ کرپٹ عناصر کے سرغنہ ہیں۔

شہباز شریف نے ملک میں آٹے کے بحران پر تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گندم کا بحران عوام کے خلاف ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس کے کردار سامنے لانا ہوں گے، 16 ماہ میں گندم کے ذخائر کہاں گئے، ذخائر کم تھے تو برآمد کرنے کا فیصلہ کیوں ہوا۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ جب ملک میں کمی تھی تو گندم اور آٹا ملک سے باہر کیوں بھیجا گیا، تحقیقات کی جائیں کہ کس کے حکم پر آٹا بیرون ملک بھجوایا گیا، قوم کو بتایا جائے کس کےحکم پر اور کس قیمت پر گندم اور آٹا برآمد ہوا۔

صدر (ن) لیگ نے کہا ہے کہ ملک میں اصلاحات کے نام پر حماقتوں کا بازار گرم ہے، اس افراتفری میں چند موقع پرستوں کے وارے نیارے ہوگئے ہیں، عوام کو معلوم ہونا چاہیے کہ ملک و قوم کا نقصان کرکے کس نے فائدہ اٹھایا، اگر عمران خان لاعلم ہیں تو وہ نالائق ہیں اور اگر ان کی مرضی سے ہورہا ہے تو پھر وہ کرپٹ عناصر کے سرغنہ ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 16 ماہ میں ہر چیز کے تباہ ہونے کی وجوہات کا پتہ لگانا ہوگا، ہر شعبے کی تنزلی کا عمل نہ روکا گیا تو چند ماہ بعد حالات ٹھیک کرنے کے لئے کسی معجزہ کی ضرورت ہوگی، صورتحال کی تنزلی کا یہی عالم رہا تو 3 ماہ بعد کا سوچ کر خوف آرہا ہے، معاشی ماہرین کے تجزیات درست ہیں تو آنے والا وقت قوم کی چیخوں کو آسمان پر پہنچا دے گا۔

Comments are closed.