دفتر خارجہ نے ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا

اسلام آباد:  ترک صدر رجب طیب اردوان 13 فروری کو دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے، پاکستانی ہم منصب عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقاتوں کے علاوہ ترک صدر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردوان وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر 13 سے 14 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔اُن کی کابینہ کے ارکان، سینئرحکام اور ترک کارپوریشنز کے سربراہان بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

ترک صدر کی وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں ہوں گی، دونوں رہنما پاک ترک اعلیٰ سطح کے سٹریٹجک مشترکہ سیشن کی صدارت بھی کریں گے۔اس دورے کے دوران دونوں ممالک میں اہم معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق ترک صدر طیب اردوان پاکستانی ہم منصب سے ملاقات جب کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔ اسکے علاوہ طیب اردوان اور عمران خان پاک ترک بزنس اینڈ انوسٹمنٹ فورم سے خطاب کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی گہرے تعلقات ہیں۔ ترکی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتا ہے، سائپرس کے معاملے پر پاکستان ترکی کے ساتھ کھڑا ہے۔

ترک صدر کا یہ دورہ پاکستان اور ترکی کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا اور وسیع کرنے میں کردار ادا کرے گا۔ پاکستان اور ترکی اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر بنانے اور دنیا میں اسلامو فوبیا سے نمٹنے اور اسلامی یکجہتی کو فروغ دینے کےلیے مشترکہ عزم رکھتے ہیں۔

Comments are closed.