وزیراعظم عمران خان کو ایمپائر کی انگلی ساری عمر تنگ کرے گی، سینیٹر مشاہد اللہ

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کی باتیں ہو رہی ہیں کیا، کیا سرکاری ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملہ غداری کے زمرے میں نہیں آتا؟ عمران خان امپائر کی انگلی کی بات کرتے تھے یہ انگلی انہیں ساری عمر تنگ کرے گی۔

سینیٹ اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما مشاہد اللہ خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت غداری کے مقدمات چلانے کی بات کی جا رہی ہے،کیا پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملہ، پارلیمان کے اندر بل پھاڑنا غداری کے زمرے میں نہیں آتا؟

سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ ایک بات واضح کردوں کہ مولانافضل الرحمان بہت بڑے لیڈر ہیں، موجودہ حکمران بڑے فخر سے ہر کسی کو جیل میں بند کرنے کی دھمکیاں دیتے ہیں، رانا ثناء اللہ پر منشیات اسمگلنگ کا مقدمہ دیا گیا، کل اگر پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے ساتھ کوئی ایسا کرے گا تو کیسا لگے گا؟

سینیٹر مشاہد اللہ خان نے ڈی چوک پر دیے گئے دھرنے کے دوران بار بار عمران خان امپائر کی انگلی کی بات کرتے تھے لیکن انہوں نے آج تک یہ نہیں بتایا کہ انگلی کس کی تھی، ایک بات واضح ہے کہ اُس امپائر کی انگلی انہیں ساری عمر تنگ کرے گی۔

سینیٹر مشاہداللہ خان نےکہاکہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) نے چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) بند کرنے کی دھمکی دی، سی پیک ہماری لاشوں سے گزرکر بند کریں گے، اس میگا منصوبے کے حوالے سے حکومتی موقف نہ آنا افسوس ناک ہے، مہنگائی اور آئی ایم ایف پر حکومت خاموش ہے۔

Comments are closed.