قطر کی امریکا طالبان معاہدے پردستخطوں کی تقریب میں شرکت کیلئے پاکستان کو دعوت

اسلام آباد: قطرنے پاکستان کو29 فروری کو دوحا میں امریکا اور طالبان کے درمیان امن معاہدے پر دستخطوں کی ‏تقریب میں شرکت کی خصوصی دعوت دے دی ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے اسلام آباد میں قطر کے سفیر صقر بن مبارک نے ‏ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قطری سفیر نے قطر کے ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن ‏عبد الرحمان الثانی کی جانب سے 29 فروری کو دوحا میں امریکا اور طالبان کے درمیان امن معاہدے پر ‏دستخطوں  کی تقریب میں شرکت کےلیے شاہ محمود قریشی کو خصوصی دعوت نامہ پیش ‏کیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، امریکا اور طالبان کے درمیان معاہدے سے متعلق اعلان کا ‏خیر مقدم کرتا ہے، پاکستان کا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ افغان تنازعےکا کوئی ‏فوجی حل نہیں ہے، آج دنیا پاکستان کا موقف تسلیم کر رہی ہے،پاکستان  توقع رکھتا ہے کہ امن معاہدے پر دستخط انٹرا افغان مذاکرات کی طرف لےجائیں گے۔

Comments are closed.