مسکراہٹیں بکھیرنے والے کنگ آف کامیڈی امان اللہ کا 70 سال کی عمر میں انتقال

لاہور: لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے امان اللہ مداحوں کو اداس کر گئے، پاکستانی سٹیج انڈسٹری کے کنگ آف کامیڈی امان اللہ 70 سال کی عمر میں انتقال کر گئے، وہ 3 ماہ قبل گردوں، پھیپھڑوں اورسانس کی تکلیف کے باعث اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

سٹیج انڈسٹری کے کنگ آف کامیڈی چند روز سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں وہ آج اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ گزشتہ ماہ بھی انہیں طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں کئی روز زیرعلاج رہنے کے بعد انہیں ڈسچارج کیا گیا تھا۔

معروف کامیڈین امان اللہ کا بسوں میں ٹافیاں بیچنے سے سٹیج اور پھر ٹی وی تک کا سفر اختتام کو پہنچا، لاہور میں کامیڈین امان اللہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں گورنر پنجاب چودھری سرور، صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے شرکت کی۔

اداکار قیصر پیا، نسیم وکی ، شاہد خان، ببورانا، خالد عباس ڈار، حامدرنگیلا، طارق ٹیڈی، امانت چن، اداکار سہیل احمد، ناصر چنیوٹی بھی امان اللہ نے مرحوم کی نماز جنازہ میں شریک ہوئے، نعمان اعجاز،  ارشد چودھری، منظر امین، اسرار احمد، اکرم اداس، آصف اقبال،عمران شوکی، کاشف نثار سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

صدرمملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے معروف کامیڈین امان اللہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی و لواحقین کے صبر کی دعا کی۔ صدرمملکت نے کہا کہ امان اللہ خان مرحوم کی مزاح اور اداکاری کے شعبے میں خدمات کو تا دیر یاد رکھا جائے گا۔ جب کہ وزیراعظم کا کہنا تھا مرحوم امان اللہ سٹیج، مزاحیہ اداکاری اور ڈرامہ انڈسٹری کا قیمتی اثاثہ تھے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی نامور اداکار و کامیڈین امان اللہ خان کے انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ1950 کو لاہور میں پیدا ہونے والے کنگ آف کامیڈی امان اللہ کے معروف سٹیج ڈراموں میں شرطیہ مٹھے، بیگم ڈش انٹینا شامل ہیں، امان اللہ نے فلم ون ٹو کا ون اور نامعلوم افراد میں اداکاری کے جوہر دکھائے، ان کو 2018 میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔

Comments are closed.