اسٹیٹ بینک کی جانب سے ڈیڑھ فیصد کمی کے بعد شرح سود 11 فیصد پر آ گئی

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود میں ڈیڑھ فیصد کمی کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد پالیسی ریٹ 11 فیصد کی شرح پر آگئی۔

مرکزی بینک کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں شرح سود میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ پالیسی ریٹ میں 150 بیسس پوائنٹس کی کمی کے بعد شرح سود 11 فیصد پر آگئی ہے۔ قبل ازیں اسٹیٹ بینک نے 17 مارچ کو شرح سود کم کرکے 12.50 فیصد کردیا تھا۔

شرح سود میں کمی کا فیصلہ اسٹیٹ بینک کی مانیٹرنگ کمیٹی کی جانب سے بلائے گئے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا جس میں کورونا وائرس کی وبا کی سے دنیا بھر بالعموم اور پاکستان پر بالخصوص مرتب ہونے والے اثرات کے بعد شرح فیصد کو مزید کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ اسٹیٹ بینک کی مانیٹرنگ کمیٹی نے ایک ہفتے قبل ہی شرح سود میں کمی کا اعلان کیا تھا تاہم اس کے باوجود مزید کمی کے مطالبے سامنے آرہے تھے جنہیں پہلے تو نظر انداز کردیا گیا تھا تاہم وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کے بعد اسٹیٹ بینک نے بھی شرح سود میں کمی کا اعلان کردیا۔

Comments are closed.