سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث پہلی ہلاکت، 767 افراد عالمی وبا سے متاثر

ریاض: سعودی عرب نے کورونا وائرس کے سبب ملک میں پہلی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے جبکہ ملک میں اب تک 767افراد اس عالمی وبا کا شکار ہو چکے ہیں۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت صحت کے ترجمان محمد عبدالعلی نے منگل کو مدینہ میں کورونا وائرس کےباعث ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مرنے والا غیرملکی شہری تھا جس کی حالت تیزی سے خراب ہوتی جا رہی تھی اور وہ پیر کی رات انتقال کر گیا۔

انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منگل کو ایک دن میں 205افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس سے ملک میں وائرس کا شکار افراد کی مجموعی تعداد 767 ہو چکی ہے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل طلال الشلہب نے کہا کہ کرفیو کے پہلے دن ملک بھر میں اس پر عملدرآمد کا سلسلہ جاری ہے۔

یاد رہے کہ سعودی فرماں رواں شاہ سلمان نے کورونا وائرس کا پھلاؤ روکنے کے لیے گزشتہ روز کو ملک بھر میں 21 دن کے لیے شام 7بجے سے صبح 6بجے تک کرفیو کے نفاذ کا اعلان کیا تھ جس کا اطلاق پیر سے ہو گیا ہے۔انہوں نے افواہیں پھیلانے والوں کو خبردار کیا کہ ان افواہوں سے وائرس کے خلاف جنگ بری طرح متاثر ہو سکتی ہے اور افواہیں پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

Comments are closed.