بھارت کی طرف سے آزاد کشمیر پر حملہ خارج از امکان نہیں، سردار مسعود خان

مظفرآباد: آزاد جموں وکشمیرکے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے آزاد کشمیر کے حملے کو خارج از امکان نہیں قرار دیا جا سکتا کیونکہ بھارت کے سیاسی اور عسکری رہنما اب یہ بات اپنی پریس کانفرنسوں میں اعلانیہ کر رہے ہیں۔

 بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی آزاد کشمیر پر حملے کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور یہی بات بھارتی وزیر دفاع بھی کہہ رہے ہیں۔ لیکن آزاد کشمیر کی حکومت، عوام، افواج پاکستان اور پوری پاکستانی قوم بھارت کے چیلنج کا جواب دینے اور اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے تیار ہیں۔

ترک نیوز ایجنسی انادولو کو انٹرویو دیتے ہوئے صدرسردارمسعود خان نے کہا کہ بھارتی رہنماؤں کی آزاد کشمیر پر حملے کی دھمکی کے ساتھ بھارت کی 9 لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کے قتل عام میں مصروف ہے، قابض فوج نے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بڑھا دیا ہے اور اب پاکستان کے ساتھ جنگ کا ماحول بنانے کے لیے پروپیگنڈا مہم چلانے کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے رہنما جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج سے لڑنے کے لیے ایک نئی عسکری تنظیم تشکیل دے دی ہے۔ پہلے بھارتی یہ کہتے تھے کہ مقبوضہ کشمیر میں عسکریت پسندوں کی تعداد 250 کے لگ بھگ اور اب کہنا شروع کر دیا گیا ہے کہ ان 250 جنگجو کے علاوہ 350 مذید عسکریت پسند بھی موجود ہیں جنہیں پاکستان کی مدد اور حمایت حاصل ہے۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ ابھی کچھ دن پہلے بھارتی فوج اور اس کی خفیہ ایجنسی کے سربراہوں اور وزیراعظم مودی کے قومی سلامتی کے مشیر آپس میں ملے ہیں اور پاکستان کے خلاف کوئی خفیہ منصوبہ بنایا ہے لیکن ہم بھارت کی طرف سے کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

پاکستان پر کورونا متاثرہ مریضوں کو مقبوضہ کشمیر میں داخل کرنے کے الزام سے متعلق ایک سوال پر صدر ریاست نے یہ الزام بدترین پاگل پن اور مضحکہ خیز ہے، کورونا کا ایک مریض کیسے ہزاروں لوگوں کے درمیان سے گزر کر دشوار گزار پہاڑوں کو عبور کر کے اور دفاعی اعتبار سے ناقابل عبور لائن آف کنٹرول کراس کے مقبوضہ کشمیر پہنچے گا۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ یہ سب بھارت کے جھوٹ ہیں جو اُنہوں نے ہٹلر کے وزیر پروپیگنڈہ گوئبل کی کتاب سے سیکھے ہیں، گوئبل نے ایک بار کہا تھا کہ تم اگر ایک جھوٹ اتنے تواتر  سے بولو پھر ایک دن سارے لوگ اس کو سچ سمجھنے لگتے ہیں۔

Comments are closed.