ارطغرل غازی میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ پاکستان آنے کیلئے بیتاب

ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامے ‘دیریلیش ارطغرل’ پاکستان میں نشر ہوتے ہی اپنی مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنا لئے ہیں جب کہ پاکستانی عوام اس ڈرامے کے مرکزی کردار نبھانے والے اداکاروں سے بھی زبردست محبت کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں۔

پاکستان میں ‘ارطغرل غازی’ کو یکم رمضان سے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر کیا جا رہا ہے اور اس کی پہلی قسط کو یوٹیوب پر اب تک ڈھائی کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے، ڈرامے میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے ترک اداکاروں سے متعلق نہ صرف پاکستانی سوشل میڈیا صارفین مختلف تبصرے کرتے نظر آتے ہیں بلکہ انہیں انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ سرچ کیا جا رہا ہے۔

پاکستان میں اس ڈرامے کی ابھی تک 23 قسطیں ہی نشر کی جا چکی ہیں تاہم پاکستانی مداح ابھی سے ہی ڈرامے کے کرداروں اور خاص طور پر’ارطغرل غازی’ اور ان کی بیوی’حلیمہ سلطان’ کا کردار ادا کرنے والے اداکاروں کے مداح بن چکے ہیں۔ ڈرامے میں ‘ارطغرل غازی’ کا کردار 41 سالہ انجین التان دوزیتان نے نبھایا ہے جب کہ ان کی بیوی’حلیمہ سلطان’ کا کردار 28 سالہ اسرا بیلگیج نے ادا کیا ہے۔

دونوں اداکاروں اور خاص طور پر’حلیمہ سلطان’ کی پاکستان میں بے پناہ مقبولیت ہے اور لوگوں نے انہیں سوشل میڈیا پر فالو کرنے سمیت ان سے اپنی محبت کا اظہار کرتے دکھائی دیتے ہیں اور انہیں بتایا کہ کس طرح پاکستانی مداح انہیں چاہنے لگے ہیں۔ایک پاکستانی مداح نے ‘حلیمہ سلطان’ یعنی اسرا بیلگیج کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ان سے ملنے اور انہیں پاکستان آنے کی دعوت دی۔

اداکارہ اسرا بیلگیج یعنی ‘حلیمہ سلطان’ نے پاکستانی مداح کی دعوت پر پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ وہ بھی پاکستانی مداحوں سے ملنے کے لیے بے تاب ہیں۔ انسٹاگرام پرشیئر کی گئی ایک تصویر پر پاکستانی مداح نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں ان کے پاکستانی ڈرامے میں مقبولیت سے متعلق بتایا۔

پاکستانی مداح نے ترک اداکارہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی اداکاری کی بھی تعریف کی۔ اداکارہ اسرا بیلگیج نے کمنٹ کا جواب دیتے ہوئے پاکستانی مداح کے لیے محبتوں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ پاکستانی مداحوں کی محبت اور سپورٹ نے ان کی ہمت افزائی کی ہے اور وہ بھی پاکستان آنے اور اپنے مداحوں سے براہ راست ملنے کے لیے بے تاب ہیں۔

اگرچہ ترک اداکارہ نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی اشارہ نہیں دیا کہ وہ کب تک پاکستان آنے کا ارادہ رکھتی ہیں تاہم ڈراما شائقین کا خیال ہے کہ کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد ‘حلیمہ سلطان’ پاکستان آسکتی ہیں لیکن فی الحال اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

Comments are closed.