کورونا سے نمٹنے کیلئے امریکا کی جانب سے پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہیں، حفیظ شیخ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس، کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے اور گروپ 20 ممالک کی جانب سے قرضوں میں سہولت کے اقدام میں امریکا کی جانب سے پاکستان کی حمایت کوسراہتے ہیں۔

وزارت خزانہ میں امریکا پاکستان بزنس کونسل کے عہدیداروں سے ویڈیو لنک اجلاس کے دوران وزیراعظم کے مشیرنے امریکا میں کورونا وباء سے ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

مشیرخزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات بالخصوص تجارتی روابط کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان میں تجارت اورسرمایہ کاری کے موجود استعداد کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط ہونے کی وسیع تر استعداد موجودہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کی قیادت نے صدرڈونلڈٹرمپ سے ماضی قریب میں تین ملاقاتیں کی ہیں اورامریکی سیکرٹری تجارت ولبرراس کااس سال کے اوائل میں دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تجارت اورسرمایہ کاری کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاسی کررہاہے۔

عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ کاروبارمیں آسانیوں، ضابطہ جاتی امورمیں بہتری اوروسیع مارکیٹ کی استعداد کے تناظرمیں پاکستان امریکی تاجروں اورسرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری اورمشترکہ منصوبوں کے حوالہ سے بہترین ملک ہے۔پاکستان کی حکومت نے حال ہی میں 1200 ارب روپے سے زائد کے امدادی پیکج کااعلان کیاہے، پیکیج میں معاشرے کے غریب اور کمزور طبقات کیلئے براہ راست نقد امدادکی فراہمی، ٹیکس ری فنڈز کی ادائیگی اور آسان قرضے شامل ہیں۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مشیر خزانہ نے کہا کہ اس کا مقصد معیشت اورکاروبار کوبڑھاوادیناہے،اسی طرح آنے والے بجٹ میں کاروبار اورتجارت کوفروغ دینے کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائے گی، اس مقصد کیلئے خام مال پرٹیرف کی شرح میں زیادہ سے زیادہ کمی لائی جائے گی۔

پاک امریکا بزنسل کونسل کے صدر ایسپرانزاجیلیان، یوایس چیمبرآف کامرس کے سینئیر نائب صدر برائے ایشیاء چارلزفری مین،یوایس پاکستان بزنس کونسل کے چئیرمین سٹیون کوبوس، امریکا میں پاکستان کے سفیرڈاکٹراسدمحمدخان اورکونسل کے دیگرعہدیداراوراراکین نے ورچوئل اجلاس میں شرکت کی۔

پاک امریکا بزنس کونسل کے صدر ایسپرانزا جیلیان اور یوایس پاکستان بزنس کونسل کے چئیرمین سٹیون کوبوس نے کہاکہ امریکی حکومت اور تاجر و سرمایہ کار پاکستان کو اہم تجارتی شراکت دارملک سمجھتے ہیں، امریکی سیکرٹری تجارت کے دورہ پاکستان سے بات کی عکاسی ہوتی ہے کہ امریکا پاکستان کواہم تجارتی شراکت دارملک سمجھتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.