شہباز شریف کا وزیراعظم عمران خان،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے استعفے کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے استعفے کا مطالبہ کردیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کے سربراہ کے طورپر ہر فیصلے کا ذمہ دار ہے، دوسروں کو قربانی کا بکرا بنانے سے عمران خان کی ذمہ داری ختم نہیں ہوگی، آٹا چینی چوری کے تمام فیصلوں کی منظوری عمران خان نے دی۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آٹا چینی چوروں کو قوم سے لوٹ مار کا لائسنس دیا، اس پر دستخط عمران خان نے کئے، عمران خان نے پہلے قومی خزانہ لوٹنے کی اجازت دی پھر کہا جنہوں نے لوٹا ہے ان کو گرفتار کرلو۔

شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی چینی چوری کرنے والے گروہ کے سرغنہ کا نام وزیراعظم عمران خان ہے، چینی باہر بھیجنے کی اجازت دینے سے لے کر اس کی ذخیرہ اندوزی اور مقامی مارکیٹ میں مہنگی فروخت عمران خان کے جرائم ہیں۔ قوم کو لوٹنے کی اجازت دینے والے وزیراعظم عمران خان مستعفی ہوں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.