آسٹریلیا میں شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ ملتوی کرنے کا باضابطہ اعلان آئندہ ہفتے متوقع

اسلام آباد: آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کا باضابط اعلان آئندہ ہفتے کر دیا جائے گا۔

کرکٹ کا میگا ایونٹ رواں سال ستمبر اکتوبر ہونا تھا تاہم  کورونا وائرس کی وجہ سے میزبان ملک آسٹریلیا کی حکومت نے ستمبر کے وسط تک سرحدیں بند رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ ایک باخبر بورڈ آفیشل کے مطابق پروازیں شروع بھی ہو گئیں تو ایونٹ میں شرکت کرنے والی 16 ٹیموں کے اس وقت اپنے ملکوں میں کیا حالات ہوں گے، یہ بھی دیکھنا اہم ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ  دنیا بھر کی بڑی ٹیموں کے لئے ایک ماہ کے قلیل وقت میں آسٹریلیا کے سفری اور وہاں پہنچ کر قیام و طعام کے انتظامات کرنا بہت مشکل نظر آرہا ہے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو ملتوی کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹیلی کانفرنس میں تمام رکن ممالک کے بورڈ حکام شرکت کریں گے، اس کے بعد 26 سے 28 مئی کے درمیان کسی وقت بھی میگا ایونٹ کو ملتوی کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔

Comments are closed.