نیب کا شریف،زرداری خاندان سمیت بااثرملزمان کیخلاف کرپشن کیسزمنطقی انجام تک پہنچانےکا فیصلہ

قومی احتساب بیورو کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں مقصد صرف ملک کو کرپشن فری بنانا ہے،جسٹس (ر) جاوید اقبال

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے شریف خاندان، آصف زرداری سمیت تمام بااثر ملزمان کے خلاف  میگا کرپشن کیسز کو جلد منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کرلیا۔

چیئرمین جاوید اقبال کی زیرصدارت قومی احتساب بیورو (نیب) کے  ہیڈکواٹرز میں اہم اجلاس ہوا۔ جس میں نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، سلیمان شہباز، حسن نواز اور حسین نواز ، احد چیمہ، فواد حسن فواد کے خلاف کرپشن کیسز کا جائزہ لیا گیا۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مفتاح اسماعیل، پنجاب کی 56 کمپنیوں میں کرپشن، ملزمان سے رقوم کی واپسی کا بھی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں علیم خان سمیت دیگر کے خلاف آف شور کمپنیوں کے کرپشن کیسز پر بھی غور کیا گیا، تمام کیسز کو جلد منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

 نیب اعلامیے کے مطابق آصف علی زرداری اور مجید فیملی کے خلاف جعلی اکاونٹس کیس میں ملزمان کو جلد سزا دلوانے کے لیے اقدامات پر زور دیا گیا جبکہ آٹا اور چینی سکینڈلز کی تحقیقات کا جائزہ لیا گیا جبکہ سندھ گندم چوری پر 10 ارب کی ریکوری کو سراہا گیا۔

خیبرپختونخوا کے کرپشن کیسز میں امیر مقام، کیپٹن صفدر، مہتاب عباسی اور اکرم خان درانی کے کرپشن کیسز کی پیشرفت رپورٹ پیش کی گئی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اشتہاری اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور احتساب عدالتوں میں زیر سماعت کیسز کی جلد سماعت کے لیے درخواستیں دائر کی جائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.