ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کی پارٹی قیادت اور بنیادی رکنیت منسوخ

کوالالمپور: ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کی جماعت کی شریک قیادت اور پارٹی کی بنیادی رکنیت فوری طور پر منسوخ کردی گئی ہے۔

ملائیشیا کی یونائٹیڈ انڈیجنس پارٹی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مہاتیرمحمد جو کہ پارٹی  کے چیئرمین بھی تھے کی بنیادی پارٹی رکنیت کو حکومت سے عدم تعاون کی بناء پر فی الفور منسوخ کر دیا گیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر زیرگردش پارٹی کے ایک خط کے مطابق مہاتیر محمد کی جانب سے وزیراعظم محی الدین یاسین کی قیادت کو نہ صرف ماننے سے انکار کیا گیا بلکہ پارلیمان کے اجلاس کے دوران مہاتیر محمد اپوزیشن بینچز پر بیٹھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے نے وزیراعظم محی الدین کے قریبی ذرائع سے خط کے اصل ہونے کی تصدیق کی ہے تاہم مہاتیر محمد کے دفتر کی جانب سے اس حوالے سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔ ملائیشیا کے موجودہ وزیراعظم محی الدین یاسین کی جانب سے اٹھائے گئے اس اقدام کو اپنی نوزائیدہ وزارت عظمیٰ کو مستحکم بنانے کے وسیع اقدام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Comments are closed.