پاکستان نے کورونا وباء کے باعث بند بین الاقوامی فلائٹ آپریشن بحال کر دیا

اسلام آباد: پاکستان نے کورونا وباء کے باعث بند کیا گیا بین الاقوامی فلائٹ آپریشن بحال کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔

سول ایوی ایشن ڈویژن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے فیصلے کی روشنی میں پاکستان سے بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ 30 مئی سے شروع ہو رہا ہے، شیڈولڈ، نان شیڈولڈ اور چارٹر فلائٹس رات 12 بجے سے بحال ہو جائیں گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) اور غیر ملکی ایئر لائنز کو گوادر اور تربت کے علاوہ پاکستان کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں سے پروازیں چلانے کی اجازت ہوگی۔

ترجمان کے مطابق پاکستان سے جانے والی بین الاقوامی پروازوں کے لئے ایس او پیز جاری کیے جا چکے ہیں جب کہ جس ملک کے لئے پرواز جا رہی ہے وہاں کے قوانین اور ایس او پیز پر بھی عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔

سول ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی اور بین الاقوامی ایئر لائنز کے طیاروں میں جراثیم کش اسپرے کو یقینی بنایا جائے جب کہ ایئرپورٹس پر بھیڑ جمع کرنے کی بھی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وباء پھوٹنے کے بعد حکومت نے 21 مارچ کو پہلی بار انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ کیا ابتدائی طور پر جس کا اطلاق 4 اپریل تک کے لئے تھا تاہم بعد ازاں کورونا صورتحال کے پیش نظر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن بندش کے فیصلے میں توسیع کی گئی۔

Comments are closed.