دنیائے موسیقی پر راج کرنے والے شہنشاہ غزل کو مداحوں سے بچھڑے8 برس بیت گئے

کراچی: چار دہائیوں تک موسیقی کی دنیا پر راج کرنے والے شہنشاہ غزل مہدی حسن کی 8 ویں برسی آج منائی گئی۔

شہنشاہ غزل مہدی حسن کو مداحوں سے بچھڑے 8 برس بیت گئے ہیں، مہدی حسن سن 1927 کو بھارتی ریاست راجھستان کے علاقے لونا میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق اس بڑے موسیقار گھرانے سے تھا جنہوں نے 16 پشتوں تک موسیقی کے شعبے میں اپنا لوہا منوایا۔

مہدی حسن نے 1956 میں ریڈیو پاکستان سے گائیکی کا آغاز کیا جب کہ 1962 میں پاکستانی فلم ’’شکار‘‘ کے لیے پہلی مرتبہ گانا ریکارڈ کروایا، ان کے گائے ہوئے گیت غزلیں اور قومی ترانے رہتی دنیا تک کانوں میں رس گھولتے رہیں گے۔

شہنشاہ غزل مہدی حسن نے مجموعی طور پر365 فلموں میں اپنی مسحور کن آواز کا جادو جگایا،انہوں  نے 25 ہزار سے زائد گیت اور غزلیں ریکارڈ کرواکر ایک تاریخ رقم کی، فلمی صنعت میں ان کی آواز کامیابی کی ضمانت سمجھی جاتی تھی۔

شعبہ موسیقی سے تعلق رکھنے والے افراد کے مطابق مہدی حسن دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں مگر ان کا فن آج بھی زندہ ہے، مہدی حسن کے راگ اور راگنی کو دنیا بھر میں شہرت ملی، اسی وجہ سے مہدی حسن کو شہنشائے غزل کے خطاب سے نواز گیا۔

شعبہ موسیقی میں بہترین خدمات پر مہدی حسن کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی، تمغہ امتیاز، ہلال امتیاز جبکہ بھارت میں سہگل اور نیپال میں گورکھا دک شینا باہو ایوارڈ سے نوازا گیا، 13 جون سن 2012 کو مہدی حسن کے انتقال سے اردو گائیکی کا باب بند ہوگیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.