قاسم سلیمانی کی ہلاکت ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے

مانیٹرنگ ڈیسک

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘رائٹرز’ نے ایران کی نیم سرکاری خبر ایجنسی فارس کی رپورٹ کے حوالے سے کہا کہ تہران کے پراسیکیوٹر علی القاسمہر کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر افراد کے خلاف وارنٹ قتل اور دہشت گردی کی کارروائی کے چارجز پر جاری کیے گئے ہیں۔’انہوں نے کہا کہ ایران نے انٹرپول سے کہا ہے کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کرے جن پر قاسم سلیمانی کی ہلاکت میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے علاوہ دیگر افراد میں امریکی ملٹری اور سول افسران شامل ہیں، تاہم اس حوالے سے انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔علی القاسمہر نے کہا کہ ایران، ڈونلڈ ٹرمپ کا دور صدارت ختم ہونے کے بعد بھی معاملے کی پیروی جاری رکھے گا۔

یاد رہے کہ رواں سال 3 جنوری کو عراق میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ قاسم سلیمانی ہلاک ہوگئے تھے۔امریکا کی جانب سے یہ الزام لگایا تھا کہ قاسم سلیمانی خطے میں امریکی فورسز پر حملوں میں ایران کی حمایت یافتہ ملیشیاز کا ماسٹرمائنڈ ہے۔

قاسم سلیمانی کے ہلاکت کے بعد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے امریکا کو سنگین نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے قاسم سلیمانی کو مزاحمت کا عالمی چہرہ قرار دیا تھا اور ملک میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا۔

Comments are closed.