آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان کی ملاقات، سیاسی معاملات میں مل کر چلنے پر اتفاق

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام نے سیاسی معاملات اور ملکی سالمیت اور بقا کیلئے مل کر چلنے جب کہ این ایف سی ایوارڈ اور 18ویں آئینی ترمیم پر لچک نہ دکھانے پر اتفاق کیا ہے، سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ کورونا وباءکے دوران عمران خان کی نااہلی کھل کر سامنے آچکی ہے۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے جمعیت علمائے اسلام  کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی، مولانا فضل الرحمان نے سابق صدر کی خیریت دریافت کی۔ پاکستان پیپلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام نے ملکی سالمیت اور بقا کیلئے ساتھ چلنے، این ایف سی ایوارڈ اور 18ویں آئینی ترمیم پر لچک نہ دکھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ڈیڑھ گھنٹے تک جاری  رہنے والی ملاقات میں آصف علی زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام دشمن بجٹ اور این ایف سی ایوارڈ سے متعلق کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ عمران خان حکومت چلانے کے اہل نہیں، کورونا وائرس کے دوران عمران خان کی نااہلی کھل کر سامنے آچکی ہے۔

Activity - Insert animated GIF to HTML

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس میں نے ٹِڈی دَل کے حملوں سے متعلق پارلیمان میں حکومت کو خبردار کیا تھا، حکومت نے اپنی ضد اور انا کی وجہ سے ٹِڈی دَل کے حملوں سے متعلق میرے خدشات کو سنجیدہ نہیں لیا، اگر فوری روک تھام نہ کی گئی تو ملک میں خوراک کا بحران پیدا ہوجائے گا، عوام امید کی نظروں سے ملک کی اپوزیشن جماعتوں کی جانب دیکھ رہے ہیں کہ وہ سلیکٹڈ حکومت سے انہیں نجات دلائیں۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سابق صدر آصف علی زرداری کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف حکومت نے ملکی معیشت کو دیوار سے لگادیا ہے، پاکستان کی تاریخ میں کبھی معیشت کی منفی شرح نمو نہیں ہوئی، اگر معیشت کو بچانا ہے تو سب نے ملک کر سلیکٹڈ حکمرانوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے مخاطب ہوتے کہا کہ پاکستان اور عمران خان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، پی ٹی آئی دورِحکومت میں سب سے زیادہ کرپشن میں اضافہ ہوا، عمران خان نیب کو استعمال کرکے اپوزیشن جماعتوں کے سیاست دانوں سے انتقام لے رہے ہیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ دو سال ہوگئے ہیں، عمران خان نے کوئی ایک ایسا کام نہیں کیا جو عوامی مفاد میں ہو، ملک کی تمام اپوزیشن جماعتیں سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ایک پیج پر ہیں۔

Comments are closed.