آزادکشمیر کو لاڑکانہ،رائے ونڈ،بنی گالہ کااکھاڑہ نہیں بننے دیں گے، سردارعتیق احمد

اسلام آباد :سربراہ آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے کہاہے کہ آزادکشمیر کو لاڑکانہ، رائے ونڈ ، بنی گالہ کی لڑائیوں کا اکھاڑہ نہیں بننے دیں گے۔آزاکشمیر کوئی سیاسی دھوبی گھاٹ نہیں ،ایک انتہائی نازک مورچہ ہے۔پانچ فروری کو آزادکشمیر جا کر اپنے سیاسی کپڑے دھونے شروع کر دیئے گئے۔

 نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہاکہ ریاست جموں و کشمیر کی جداگانہ حیثیت کا خیال قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی رکھا۔قائد اعظم محمد علی جناح نے آل انڈیا مسلم لیگ کا قیام جموں کشمیر میں نہیں کیا تھا، انہوں نے دور اندیشی اور فراست کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسا کیا تھا۔قائد اعظم محمد علی جناح جانتے تھے جموں کشمیر کی نمائندگی تیسرے فریق کے طور پر کرنے کے لئے کسی کی ضرورت پڑے گی۔

 سردار عتیق احمد خان نے کہاکہ پاکستان کی سب جماعتیں قابل احترام ہیں لیکن وہ کشمیر کے مسئلے کو بھی دیکھیں۔کوئی قائد اعظم کے پاوں کی گرد کو نہیں پہنچتا ، اس لیے پاکستان کے حکمران کشمیر کو اپنی جماعت کے تناظرمیں نہ دیکھیں۔کشمیر میں جو مذہبی ،سیاسی جماعتوں کی فرنچائز کھولی گئیں وہ کشمیریوں کی نمائندہ نہیں ہیں۔

 صدر مسلم کانفرنس کاکہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں آزادکشمیر میں مسلم کانفرنس کے بغیر کوئی حکومت نہیں بنا سکتا۔مسلم کانفرنس الیکشن کے بعد آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں سب سے بڑی پارلیمانی جماعت ہو گی ۔آنے والے چند دونوں میں کئی سیاسی رہنما واپس اپنے گھر اور ریاستی جماعت مسلم کانفرنس میں واپس آئیں گے ۔

Comments are closed.