ڈسکہ انتخاب 10 اپریل کو ہی ہوگا، فوج بھی تعینات کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد:این اے 75 ڈسکہ کے انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے ہنگامی بنیادوں پر تیاریاں تیز کر دیں۔انتخاب 10 اپریل کو ہی ہوں گے جبکہ فوج بھی تعینات رہے گی ۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ انتخابات کوشفاف اور غیرجانبدارانہ بنانے کے لیے انتظامات مکمل کیے جائیں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بھی مشاورت کی جائے ۔الیکشن کمیشن پنجاب کا دفتر اور سیکرٹریٹ کے متعلقہ ونگز بھی ہفتے اور اتوار کو کھلے رہیں گے ۔ پوسٹل بیلٹ کے لیے درخواستیں 6 اپریل تک دی جا سکیں گی۔

 الیکشن کمیشن نے ڈسکہ میں ری پولنگ کےلئے سیکورٹی پلان کی بھی منظوری دیدی ہے، حلقے میں انتخاب کے دوران فوج سیکیورٹی کے فرائض انجام دے گی جس کی تعیناتی کے لیے مراسلہ حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے،پاک فوج کے جوان تمام پولنگ اسٹیشن کے باہر تیسرے حصار میں تعینات ہونگے،پولیس پہلے جبکہ رینجرز دوسرے حصارمیں فرائض انجام دے گی ۔

Comments are closed.